خیبرپختونخوا حکومت گرنے کا کوئی امکان نہیں، مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف

سوات: مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت گرنے کا کوئی امکان نہیں ہے اور نہ ہی ایسی کوئی صورتحال موجود ہے۔

سوات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ امیر مقام کے بھائی کو وزیراعلیٰ بننے کا شوق ہو سکتا ہے، لیکن ڈاکٹر عباد خان کے وزیر اعلیٰ بننے کا فی الحال کوئی امکان نہیں۔

باجوڑ میں حالیہ دہشت گردی کے واقعے پر بات کرتے ہوئے بیرسٹر سیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اور واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

سانحہ سوات کے دوران حکومتی ہیلی کاپٹر نہ پہنچنے کے سوال پر مشیر اطلاعات نے وضاحت کی کہ سانحہ واقعی افسوسناک ہے، ریسکیو اہلکاروں نے 80 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا ہے، جبکہ موجودہ ہیلی کاپٹر ریسکیو کے لیے مخصوص نہیں تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ریسکیو کے لیے خاص طور پر طبی امداد سے لیس ہیلی کاپٹر استعمال ہوتا ہے جس میں امدادی آلات موجود ہوتے ہیں، اور خراب موسم میں سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال بھی مشکل ہو جاتا ہے۔

مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف، چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ اور آئی جی ذوالفقار حمید نے باجوڑ بم دھماکے میں شہید ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر فیصل اسماعیل کے گھر جا کر ان کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔

یہ بھی پڑھیں : سانحہ سوات میں انسانی جانوں کے ضیاع اور ریلیف میں کوتاہی پر سنجیدہ اقدامات کیے گئے ہیں،بیرسٹر سیف

اس موقع پر بیرسٹر سیف نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گندا پور کی جانب سے تعزیتی پیغام بھی پہنچایا اور کہا کہ شہید اسسٹنٹ کمشنر کی قربانی کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور پوری قوم ان پر فخر کرتی ہے۔

Scroll to Top