وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کو بھارت کے خلاف عظیم فتح ملی ، امیر مقام

خیبرپختونخوا حکومت گرانے پر غور؟ امیر مقام کا اہم اشارہ، مولانا فضل الرحمان سے رابطے کا امکان

خیبرپختونخوا کی سیاسی فضا میں ہلچل کے امکانات ایک بار پھر نمایاں ہو گئے ہیں، جہاں وفاقی وزیر اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما انجینئر امیر مقام نے صوبائی حکومت سے متعلق اہم بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاست میں کچھ بھی حرفِ آخر نہیں ہوتا۔

نجی ٹی وی چینل (آج نیوز) سے ٹیلیفونک گفتگو میں امیر مقام نے واضح کیا کہ فی الوقت خیبرپختونخوا حکومت کو گرانے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم مستقبل میں سیاسی حالات کے مطابق فیصلے کیے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہاسیاست میں فیصلے وقت اور حالات کے تحت ہوتے ہیں، اس لیے خیبرپختونخوا حکومت گرانے کا امکان مکمل طور پر مسترد نہیں کیا جا سکتا۔

انجینئر امیر مقام نے بتایا کہ ابھی تک مسلم لیگ (ن) نے کسی جماعت سے باضابطہ رابطہ نہیں کیا، تاہم اگر سیاسی ضرورت محسوس ہوئی تو جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے رابطہ ضرور کیا جائے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کے خلاف مختلف جماعتوں کے ممکنہ اتحاد کی قیاس آرائیاں گردش کر رہی ہیں۔

سیاسی مبصرین امیر مقام کے اس بیان کو آئندہ ہفتوں میں صوبے کی سیاسی صف بندی میں ممکنہ تبدیلی کا پیش خیمہ قرار دے رہے ہیں۔

Scroll to Top