اعظم سواتی کی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کیخلاف درخواست پر عدالت نے نیب، ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا

اعظم سواتی کی پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کیخلاف درخواست پر عدالت نے نیب، ایف آئی اے کو نوٹس جاری کر دیا

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اعظم سواتی کی جانب سے پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے ان کا نام نکالنے کے خلاف دائر درخواست کی سماعت جسٹس صاحب زادہ اسداللہ اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال پر مشتمل دو رکنی بنچ نے کی۔ عدالت نے نیب، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

سماعت کے دوران وکیل اعظم سواتی بیرسٹر وقار نے عدالت کو بتایا کہ گزشتہ روز اسلام آباد ایئرپورٹ پر اعظم سواتی کو آف لوڈ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ اعظم سواتی اپنے خلاف تمام مقدمات میں عدالت میں خود پیش ہو رہے ہیں اور ان کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے انہیں سفر میں مشکلات کا سامنا ہے۔

وکیل نے مزید کہا کہ اعظم سواتی سینٹ الیکشن کے امیدوار ہیں جو کہ خیبرپختونخوا میں 21 جولائی کو ہونے والے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔ درخواست گزار نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ سینٹ الیکشن سے پہلے واپس جائیں گے اور ہر قسم کی قانونی کارروائی کے لیے تیار ہیں۔

عدالت نے نیب، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کر لیا ہے۔

Scroll to Top