کراچی : چیئرمین وزیرِاعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کا دشمن بار بار ہماری قومی صلاحیت اور استطاعت کو پرکھنے کی کوشش کرتا ہے، لیکن ہم نے اسے ہر محاذ پر بھرپور جواب دیا ہے۔
بنیان مرصوص آپریشن میں ہم نے دشمن کو گھس کر مارا، اور اب آنے والی جنگیں ہتھیاروں کی نہیں بلکہ ٹیکنالوجی کی جنگیںہوں گی۔
وہ آل پاکستان میمن فیڈریشن کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
رانا مشہود نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کی صلاحیتوں پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ ایسا ڈیجیٹل پورٹل بنایا جائے جہاں نوجوانوں کو سفارش کے بغیر روزگار اور مواقع میسر آ سکیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان اسٹاک ایکسچینج تاریخی بلندیوں کو چھو رہی ہے اور دنیا کی بڑی کمپنیوں کا اعتماد پاکستان کی معیشت پر بحال ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نمبرز پورے ہونے پر ہی تحریک عدم اعتماد لائی جا سکتی ہے، فیصل کریم کنڈی
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو معاشی بحران کی دلدل میں سابق حکومتوں کی پالیسیوں نے دھکیلا، تاہم موجودہ حکومت نوجوانوں کو آگے لانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
چیئرمین یوتھ پروگرام نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں نوجوانوں کی تربیت اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ پاکستان دنیا میں معاشی اور دفاعی طور پر مستحکم مقام حاصل کر سکے۔





