گیلپ سروے والا ن لیگ کا ٹکٹ ہولڈر، اب جھوٹی باتوں کا چورن نہیں بکے گا،شاندانہ گلزار

گیلپ سروے والا ن لیگ کا ٹکٹ ہولڈر، اب جھوٹی باتوں کا چورن نہیں بکے گا،شاندانہ گلزار

پاکستان تحریک انصاف کی رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی شاندانہ گلزار نے گیلپ پاکستان کے حالیہ سروے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ گیلپ سروے چلانے والا شخص دراصل مسلم لیگ (ن) کا ٹکٹ ہولڈر ہے، اس لیے اس کے نتائج کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (دنیا نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے شاندانہ گلزار نے کہا کہ ’’جھوٹی باتوں کا چورن اب نہیں بکے گا، گیلپ پاکستان کا ڈرامہ مزید نہیں چلے گا۔‘‘

انہوں نے کہا کہ بانی تحریک انصاف عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات سے متعلق شواہد پیش کیے جائیں اور تمام سیاسی قیدیوں کو فوری رہا کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر جیل جا کر بانی تحریک انصاف سے ڈیل کی درخواستیں کر رہے ہیں، لیکن عمران خان واضح کر چکے ہیں کہ وہ صرف آئینی مذاکرات کریں گے، کوئی خفیہ سودے بازی نہیں ہو گی۔

پارٹی کی اندرونی سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شاندانہ گلزار نے واضح کیا کہ عالیہ حمزہ پنجاب میں پارٹی کی آرگنائزر ہیں، لیکن پارلیمانی پارٹی کی سربراہی علیحدہ معاملہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پارٹی قیادت اور کارکنان نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی حمایت کی ہے، اور جب تک بانی عمران خان کو ان پر اعتماد ہے، وہ اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے۔

شاندانہ گلزار نے مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ’’ن لیگ نے پنجاب اور پیپلزپارٹی نے سندھ کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے۔’’انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان کی عوام اب بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑی ہے، اور پرانے حربے اب کارگر نہیں ہوں گے۔

Scroll to Top