ہری پور : فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اسلام آباد کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے سنٹرل جیل ہری پور کا تفصیلی دورہ کیا۔
وفد کی قیادت ڈپٹی ڈائریکٹر میڈم نادیہ سید اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈم بشریٰ نے کی، جبکہ سینئر سول جج ہری پور جناب شیراز طارق بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران سپرنٹنڈنٹ جیل ہری پوراور قائم مقام ڈی آئی جی ہزارہ ریجن جناب حامد اعظم نے وفد کو جیل کے انتظامی امور اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے متعلق جامع بریفنگ دی۔
وفد کو جیل کے مختلف شعبہ جات کا معائنہ کروایا گیا جن میں ڈرگ ریہیبیلیٹیشن سنٹر، ویڈیو لنک روم، ای-وزٹ سسٹم، زنان خانہ اور جیل فیکٹری شامل تھے۔ وفد نے ان سہولیات کو نہایت مثبت انداز میں سراہا اور جیل حکام کی کاوشوں کو قابلِ تعریف قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : ہری پور، لینڈ سلائیڈنگ کے باعث درجنوں دیہات کا زمینی رابطہ منقطع، 36 گھنٹے بعد بھی راستے بند
دورے کے اختتام پر وفد نے جیل انتظامیہ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے جاری اقدامات مستقبل میں مزید بہتری کی جانب گامزن رہیں گے۔





