تحریک انصاف کیلئے 9 مئی کے بعد کوئی دن آسان نہیں، زرتاج گل

تحریک انصاف کیلئے 9 مئی کے بعد کوئی دن آسان نہیں، زرتاج گل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مرکزی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ 9 مئی 2023 کے بعد سے پی ٹی آئی کے لیے کوئی دن بھی آسان ثابت نہیں ہوا، لیکن اس کے باوجود پارٹی نے ہر مشکل کا مقابلہ ڈٹ کر کیا ہے۔

قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ )کے مطابق اسلام آباد کے جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ بانی تحریک انصاف مقدمات کا سامنا ملک کے اندر رہ کر کر رہے ہیں، وہ بھاگے نہیں بلکہ اپنے نظریے اور مؤقف کی قیمت ادا کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی محض ایک سیاسی جماعت نہیں بلکہ ایک نظریاتی تحریک ہے جو قربانیوں سے عبارت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سوال کرنا ہر کارکن کا حق ہے، اور یہی جمہوریت کی بنیاد ہے۔ ’’تحریک انصاف خاندانی پارٹی نہیں ہے۔ ہمارے فیصلے بانی پارٹی خود کرتے ہیں، اور تمام کارکنان ان فیصلوں کو تسلیم کرتے ہیں۔

رہنما پی ٹی آئی نے مطالبہ کیا کہ انسداد دہشت گردی کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کو پیش کیا جائے تاکہ انہیں انصاف فراہم کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹ انتخابات کے دوران پی ٹی آئی کو مزید نشستیں مل سکتی تھیں، لیکن موجودہ حالات میں پارٹی کو نقصان اٹھانا پڑا۔

زرتاج گل نے بانی چیئرمین کے بیٹوں سے متعلق سوال پر کہا کہ وہ بھی اپنے والد کی طرح بہادر ہیں، اگر وہ پاکستان آئیں گے تو پارٹی انہیں خوش آمدید کہے گی۔

Scroll to Top