وزیر اعلیٰ خیبر پختون خوا علی امین گنڈاپور نے وادیٔ تیراہ میں پیش آنے والے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے فی کس ایک کروڑ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 25، 25 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔
قومی اخبار (روزنامہ جنگ ویب سائٹ )کیمطابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ خیبر پختون خوا حکومت متاثرین کے ساتھ مکمل اظہاریکجہتی کرتی ہے اور اس مشکل گھڑی میں قبائلی عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ واقعے کے بعد قبائلی عمائدین اور عوامی نمائندوں کا ایک اہم جرگہ پشاور طلب کیا گیا ہے، جس میں مقامی جذبات اور تحفظات کو سنا جائے گا۔
علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت پائیدار امن، عوامی تحفظ اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو علاقے میں امن و امان قائم رکھنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ حالیہ آل پارٹیز کانفرنس میں بھی ان واقعات پر سنجیدگی سے غور کیا گیا اور قابلِ عمل تجاویز مرتب کی گئیں۔ عمائدین اور مشران کے ساتھ جرگوں کا سلسلہ اگلے ہفتے سے ڈویژنل اور بعد ازاں صوبائی سطح پر شروع کیا جائے گا تاکہ عوامی مشاورت سے دیرپا حل نکالا جا سکے۔





