باجوڑ کے بعد بنوں میں بھی غیر معینہ مدت کے لیے کرفیو نافذ

خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر غیرمعینہ مدت تک کرفیو نافذ کر دیا گیا ہے، جب کہ دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشن کے لیے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ یہ اقدام ضلع باجوڑ میں حالیہ سیکیورٹی اقدامات کے بعد اٹھایا گیا ہے، جہاں اسی نوعیت کا کرفیو پہلے ہی نافذ ہے۔

نجی ٹی وی چینل (سما نیوز)کے مطابق بنوں کے حساس علاقے نورڑ میں سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ نے ممکنہ خطرات کے پیش نظر مکمل لاک ڈاؤن نافذ کرتے ہوئے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ گھروں سے غیر ضروری باہر نہ نکلیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا افراد کی فوری اطلاع قریبی فورسز کو دیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ شرپسند عناصر شہریوں کو انسانی ڈھال بنانے کی کوشش کر سکتے ہیں، لہٰذا عوام کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر معمولی نقل و حرکت پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔

حکام نے واضح کیا ہے کہ جس کسی نے دہشت گردوں کو پناہ دی، اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

’’جس گھر سے فائرنگ کی گئی، اسے فوری طور پر مسمار کر دیا جائے گا۔‘‘ضلعی پولیس، سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے مکمل طور پر الرٹ ہیں، جب کہ شہریوں سے تعاون اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ بنوں اور گردونواح کے علاقوں میں حالیہ ہفتوں کے دوران دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد یہ غیر معمولی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top