پاکستان کیساتھ تاریخی تجارتی ڈیل، وزیراعظم کا مرکزی کردار ادا کرنے پر امریکی صدر کیلئے خصوصی پیغام

پاکستان کیساتھ تاریخی تجارتی ڈیل، وزیراعظم کا مرکزی کردار ادا کرنے پر امریکی صدر کیلئے خصوصی پیغام

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان حالیہ تاریخی تجارتی معاہدے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو بھرپور خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس ڈیل سے دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت داری کو نئی وسعت ملے گی۔

نجی ٹی وی چینل (جیونیوز)کے مطابق وزیراعظم نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا’’میں پاکستان اور امریکا کے درمیان واشنگٹن میں طے پانے والے تاریخی تجارتی معاہدے میں قیادت کا مؤثر کردار ادا کرنے پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا دل کی اتاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان معاشی روابط کو مضبوط بنائے گا بلکہ مستقبل میں باہمی سرمایہ کاری، تجارتی حجم اور صنعتی ترقی کے مواقع بھی پیدا کرے گا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں کہا’’الحمدللہ! پاکستان اور امریکا کے درمیان اہم تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے، یہ ہماری سفارتی و معاشی کوششوں کی کامیابی ہے۔‘‘

ادھر وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے نجی ٹی وی چینل جیونیوز سے گفتگو میں بتایا کہ’’یہ ڈیل پاکستانی معیشت کے لیے ایک بڑی اور خوش آئند پیش رفت ہے۔ ہماری مذاکراتی ٹیم نے مستقل رابطے اور گفت و شنید کے ذریعے اس معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔‘‘

انہوں نے مزید بتایا کہ اس معاہدے کے تحت پاکستانی برآمدات پر عائد امریکی ٹیرف میں نمایاں کمی کی جائے گی، جس سے پاکستان کی برآمدی صنعت کو عالمی منڈی میں مسابقت کا فائدہ ملے گا اور زرمبادلہ میں اضافہ ہوگا۔

اقتصادی ماہرین کے مطابق یہ معاہدہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب پاکستان کو برآمدات کے فروغ اور غیر ملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے۔ اس ڈیل سے نہ صرف صنعتی شعبے کو سہارا ملے گا بلکہ روزگار کے مواقع بھی بڑھیں گے۔

Scroll to Top