انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے لائیو اسٹریمنگ کے اصول بدل دیے ہیں۔
اب صرف وہی صارفین لائیو جا سکیں گے جن کے اکاؤنٹ پبلک ہوں اور فالوورز کی تعداد ایک مخصوص حد سے زیادہ ہو۔ اس سے پہلے ہر صارف، چاہے اس کے فالورز کتنے بھی ہوں یا اکاؤنٹ پرائیویٹ ہو، لائیو اسٹریمنگ کر سکتا تھا۔
نئی پالیسی کے تحت وہ صارفین جن کے پاس مطلوبہ فالوورز نہیں ہیں یا جن کے اکاؤنٹس پرائیویٹ ہیں، جب وہ لائیو جانے کی کوشش کریں گے تو انہیں نوٹس دکھایا جائے گا کہ وہ لائیو فیچر استعمال کرنے کے اہل نہیں۔
اس فیصلے سے چھوٹے اور نئے تخلیق کار خاص طور پر متاثر ہوں گے جو اپنے دوستوں کے ساتھ تفریحی لائیو سیشنز کرتے تھے۔
صارفین نے سوشل میڈیا پر اس تبدیلی پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے اور کچھ نے اسے واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
انسٹاگرام کے اس اقدام کا مقصد ممکنہ طور پر لائیو اسٹریمنگ کی مہنگی میزبانی کے اخراجات کو کم کرنا ہو سکتا ہے۔
انسٹاگرام کی یہ نئی پالیسی ٹک ٹاک کی لائیو اسٹریمنگ کے قواعد سے مشابہ ہے، جہاں بھی لائیو جانے کے لیے کم از کم ایک مخصوص تعداد میں فالوورز کا ہونا ضروری ہے۔





