پی ٹی آئی امریکہ سے تجارت اور دوستی کی حامی رہی ہے، علی محمد خان

اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی علی محمد خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی ہمیشہ سے امریکہ کے ساتھ تجارت اور دوستی کی حمایت کرتی رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پارٹی کا موقف واضح ہے کہ ملک کے اہم فیصلے ملک کے اندر ہونے چاہئیں اور کسی بھی بیرونی ملک کی مداخلت ناقابل قبول ہے۔

نجی ٹی وی سماء کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے علی محمد خان نے کہا کہ بنوں میں دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بنانے پر خیبرپختونخوا پولیس اور پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے دہشت گردوں کے خلاف اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سیاستدان نہیں بلکہ عالمی شہرت یافتہ شخصیت ہیں جن کی ہدایات پر وہ عمل پیرا ہیں۔

علی محمد خان نے بتایا کہ جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات جیتے تو وہ اڈیالہ جیل میں تھے اور بانی سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی ملک کی مداخلت کے خلاف ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کی امریکہ سے دشمنی نہیں، لیکن ملک کے اندرونی معاملات میں کسی کی مداخلت قبول نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے کبھی امریکی مفادات کا تحفظ نہیں کیا اور بانی پی ٹی آئی فلسطینی عوام کے حق میں کھڑے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : حکمرانوں کی ترجیح امن نہیں، ذاتی مفادات ہیں، حافظ نعیم الرحمن

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اس نظام کے خلاف ہے جس میں غریب کو حقوق نہیں دیے جاتے اور خیبرپختونخوا میں امن و امان بہتر بنانے کی کوشش جاری ہے۔

علی محمد خان نے عدالتوں پر بھی سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں پر لگائے گئے الزامات ثابت نہیں ہوئے لیکن ان پر سزائیں سنائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر کرپشن کا کوئی کیس ہے تو عدالت کو فیصلہ کرنا چاہیے، لیکن رات گئے عدالتی کارروائیوں پر سوالات اٹھائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جمہوریت میں عوام کے ووٹ کو تسلیم کرنا چاہیے اور پی ٹی آئی کو ووٹ ملا ہے تو اس کا احترام کیا جائے۔

Scroll to Top