بھارت نے سلال ڈیم کے سپل ویز کھول دیے، پنجاب میں اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ، 36 گھنٹے اہم قرار

بھارت نے سلال ڈیم کے تمام سپل ویز کھول دیے ہیں جس کے باعث دریائے چناب میں پانی کی سطح میں خطرناک حد تک اضافہ متوقع ہے۔

پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آئندہ 36 گھنٹوں کے دوران انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے دریائے چناب میں پانی چھوڑے جانے کی کوئی پیشگی وارننگ نہیں دی گئی

جس کی وجہ سے پنجاب میں متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ آئندہ 2 روز میں بڑا سیلابی ریلا ہیڈ مرالہ کے مقام تک پہنچ سکتا ہے جس سے علاقے میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بڑھنے کا خدشہ ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے  نے تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں موجود رہ کر کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسسٹنٹ کمشنر پتوکی ڈیوٹی کے دوران فرض کی راہ میں جان قربان کر گئے

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے مزید کہا کہ تمام ادارے موجودہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فیلڈ میں تعینات ہیں اور عوام کو بھی اپنی حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Scroll to Top