قومی ادارہ صحت نے سیلاب زدہ علاقوں میں مچھروں سے ہونے والی بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے فوری الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ادارے کی جانب سے جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں ملیریا، ڈینگی، لیشمینیاسز اور چکن گونیا کے وبائی امراض پھیلنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔
ایڈوائزری میں ہدایت کی گئی ہے کہ متاثرہ علاقوں میں اسپتالوں میں خصوصی انتظامات کیے جائیں، جہاں ایسے مریضوں کے لیے علیحدہ وارڈز مختص کیے جائیں۔
ادویات کی مناسب فراہمی اور مانیٹرنگ کا بھی خاص خیال رکھا جائے۔
یہ بھی پڑھیں : میڈیکل بورڈ نے کان اور دانت کے علاوہ بانی پی ٹی آئی کی صحت درست قرار دے دی
قومی ادارہ صحت نے متاثرہ علاقوں کے عوام کو مچھروں سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے اور بیماریوں کی روک تھام کے لیے نیشنل گائیڈ لائنز پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی ہے۔
علاوہ ازیں تمام متعلقہ اداروں کو موثر رابطہ کاری اور ہنگامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت دی گئی ہے تاکہ وبائی امراض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
یہ اقدام سیلاب کے بعد صحت کے بحران سے نمٹنے اور عوام کی حفاظت کے لیے انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے۔