خیبر: لنڈیکوتل پولیس کی بڑی کارروائی، کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد، ملزم گرفتار

خیبر: لنڈیکوتل پولیس نے ایک بڑی کارروائی کے دوران موٹرکار سے 102 کلوگرام چرس، 50 کلوگرام آئس اور 17 کلوگرام ہیروئن برآمد کر کے کروڑوں روپے کی منشیات ضبط کر لی ہیں۔

اس کارروائی میں افغانی منشیات اسمگلر خایستہ الرحمان کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ڈی پی او خیبر رائے مظہر اقبال کے خصوصی احکامات پر ضلع بھر میں منشیات فروشوں اور اسمگلرز کے خلاف سخت کارروائیاں جاری ہیں۔

لنڈیکوتل کے علاقے نیز ولی خیل مارکیٹ کے قریب ناکہ بندی کے دوران ایس ایچ او لنڈیکوتل عدنان آفریدی اور اے ایس آئی بہار گل نے ایک مشتبہ موٹرکار کو روک کر تلاشی لی، جس سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔

ڈی پی او خیبر نے کہا کہ منشیات کی لعنت سے معاشرے کو پاک کرنا اور نوجوان نسل کو اس کے مضر اثرات سے بچانا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آٹے کی قلت، خیبرپختونخوا کی جانب سے پنجاب سے اضافی گندم کی درخواست

انہوں نے عوام خصوصاً طلباء سے اپیل کی کہ وہ منشیات کی روک تھام میں پولیس کا بھرپور ساتھ دیں۔

مزید کہا گیا کہ منشیات فروش معاشرے کے ناسور ہیں اور ان کے خلاف کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی تاکہ علاقے سے منشیات فروش اور جرائم پیشہ عناصر کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

Scroll to Top