چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے قبائلی ضلع مہمند میں قائم مہمند ماربل سٹی اکنامک زون کا تفصیلی دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر قبائلی ضلع مہمند یاسر حسین، ڈپٹی ڈائریکٹر انڈسٹریز شاہ زیب، اسسٹنٹ کمشنر یکہ غونڈ اویس خان، اسسٹنٹ کمشنر شاہ عالم عائشہ طاہر اور دیگر متعلقہ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ریاض خان محسود نےپہلے سے فعال مختلف فیکٹریوں اور کارخانوں کا دورہ بھی کیا اور سہولیات کا جائزہ لیا ۔
منیجر خیبرپختونخوا اکنامک زون نے بریفننگ دیتے ہوئے بتایا کہ350 ایکڑ رقبے پر محیط مہمند ماربل سٹی اکنامک زون کے لیے 50 میگا واٹ گرڈ اسٹیشن سے 24 گھنٹے بجلی مہیا کی جا رہی ہے ورسک روڈ پر قائم 235 ماربل فیکٹریوں کے لیے تمام 235 پلاٹ مختص کر دئے گئے ہیں اور سو فیکٹری مالکان نے پلاٹس خریداری کے لیے ادائیگیاں بھی کردی ہے جبکہ دیگر 135 پلاٹس کی فروخت کے لیے بھی مالکان سے رابطے میں ہیں ان کو بھی جلد پلاٹس حوالے کر دئے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ موزوں مقام اور دستیاب سہولیات کی پیش نظر مہمند ماربل سٹی کو اکنامک زون میں توسیع دی گئی ہے اور اب تک ماربل فیکٹریوں کے ساتھ ساتھ گھی، اسٹیل اور دیگرمصنوعات کے 24 یونٹس فعال ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اینٹی کرپشن خیبرپختونخوا کی بڑی کاروائی ،سینئر افسران گرفت میں
کمشنر پشاور ڈویژن ریاض خان محسود نے احکامات جاری کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر شاہ عالم کو ورسک روڈ پر ماربل فیکٹریوں کے لیے این او سیز پر پابندی عائد کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ورسک روڈ سے تمام ماربل فیکٹریوں کو مہمند ماربل سٹی اکنامک زون منتقلی کی ہدایات جاری کیں۔





