گیس کنکشن پہلے کس کو دیے جائیں گے؟ تفصیلات جاری

سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے اعلان کیا ہے کہ گھریلو صارفین کے لیے نئے گیس کنکشنز کے اجرا کا عمل جلد شروع کیا جائے گا، اور اس سلسلے میں اُن درخواستوں کو ترجیح دی جائے گی جو پہلے سے کمپنی کے پاس جمع ہیں۔

حکام کے مطابق اس وقت تقریباً 39 ہزار گھریلو درخواستیں زیر التوا ہیں، جنہیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹایا جائے گا۔ ادارے کا منصوبہ ہے کہ پہلے سال میں تین لاکھ اور دوسرے سال میں چھ لاکھ نئے کنکشنز فراہم کیے جائیں گے۔

حکام نے بتایا ہے کہ عام گھروں کے لیے کنکشن فیس 21 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے جبکہ بڑے گھروں (10 مرلے سے زائد) کے لیے یہ فیس 23 ہزار روپے ہوگی۔ اس کے علاوہ ہر نئے کنکشن کے لیے 20 ہزار روپے کا سیکیورٹی ڈپازٹ بھی جمع کرانا ہوگا۔

درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ اس وقت شروع ہوگا جب باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔ نئے صارفین کو درآمدی آر ایل این جی پر فراہم کی جانے والی گیس کے معاہدے پر دستخط کرنا ہوں گے، جو اوگرا سے منظور شدہ ہوگا۔ اس معاہدے کے تحت قیمتیں عالمی منڈی کے مطابق متعین ہوں گی تاہم ادائیگی پاکستانی روپے میں ہوگی۔

گھریلو صارفین کنکشن کے لیے درخواست فارم سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز کے قریبی ریجنل دفتر سے حاصل کر سکتے ہیں یا کمپنی کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے۔ فارم مکمل طور پر بڑے حروف میں بھرنا ہوگا اور کنکشن کا انحصار علاقے میں نیٹ ورک کی دستیابی پر ہوگا۔

درخواست جمع کروانے کے بعد ایس این جی پی ایل کی ٹیم متعلقہ سائٹ کا معائنہ کرے گی تاکہ تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا سکے۔ اگر کنکشن ممکن ہوا تو درخواست گزار کو ایک پروپوزل لیٹر یا ڈیمانڈ نوٹس جاری کیا جائے گا، جس میں انسٹالیشن سے متعلق تمام ضروری رہنما اصول اور منظور شدہ کنٹریکٹرز کی فہرست شامل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : ورسک روڈ سے 235 ماربل فیکٹریوں کی مہمند ماربل سٹی اکنامک زون منتقلی کیلئے اقدامات

گیس کمپنی کے مطابق اس نئے نظام کا مقصد زیادہ سے زیادہ صارفین کو شفاف اور آسان طریقے سے قدرتی گیس کی سہولت فراہم کرنا ہے، جبکہ کمپنی کی مجموعی خدمات کو بھی مؤثر بنانے کے لیے یہ قدم اہم ثابت ہوگا۔

Scroll to Top