پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ بین الاقوامی امداد کی اپیل فوری طور پر کی جائے تاکہ سیلاب سے متاثرہ لاکھوں پاکستانیوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے بیان میں وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اب تک گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا، پنجاب اور خاص طور پر جنوبی پنجاب کے متاثرہ اضلاع کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کسی قسم کا ریلیف اعلان نہیں کیا گیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کے اعلان کا خیرمقدم کیا لیکن بین الاقوامی امداد کی اپیل میں تاخیر کو ناقابل فہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ 2022 کے سیلاب کے دوران بھی اس وقت کی حکومت نے بین الاقوامی امداد کی اپیل کی تھی اور 2010 کے سیلاب اور 2005 کے زلزلے کے دوران بھی یہی طریقہ کار اپنایا گیا تھا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عالمی برادری سے امداد کی اپیل ابتدائی 72 گھنٹوں کے دوران کی جاتی ہے تاکہ متاثرین کو فوری مدد مل سکے لیکن وفاقی حکومت کی جانب سے اس عمل میں تاخیر نے کروڑوں متاثرہ افراد کو نقصان پہنچایا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: سیلاب متاثرین کی بحالی، 4 ارب روپے کی امداد جاری
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی تمام صوبائی اور قومی اسمبلیوں میں متاثرین سیلاب کے لیے قراردادیں پیش کرے گی۔





