امریکی میگزین فارن افیئرز نے اپنی تازہ رپورٹ میں بھارت پر امریکی انحصار کو ناکام اور غیر مؤثر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کبھی بھی امریکا کا قابل بھروسہ شراکت دار نہیں رہا۔
میگزین نے کہا کہ بھارت امریکی توقعات پر پورا نہیں اترا جبکہ پاکستان زیادہ قابلِ اعتماد اور اہم شراکت دار ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکا کو اب پاکستان پر اعتماد کرنا ہوگا کیونکہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف اقدامات کے ساتھ ساتھ بھارت سے کشیدگی کم کرنے کی کوششوں میں مثبت کردار ادا کیا ہے جسے صدر ٹرمپ نے بھی سراہا ہے۔
فارن افیئرز کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی اور توانائی کے معاہدے دونوں ملکوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہو سکتے ہیں جبکہ پاکستانی قدرتی وسائل خاص طور پر ریکو ڈیک جیسے منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری خطے کی سلامتی اور استحکام کو فروغ دے سکتی ہے۔
میگزین فارن افیئرز نے کہا ہے کہ بھارت پر یکطرفہ توجہ خطے میں دراڑیں بڑھانے اور جنگ کے خطرے کو فروغ دینے کا باعث بن سکتی ہے، پاکستان کی قومی سلامتی کی پالیسی میں امریکا اور چین کے ساتھ متوازن تعلقات کو اہمیت دی گئی ہے اور پاکستان ماضی میں دونوں عالمی طاقتوں کو قریب لانے کا پل ثابت ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت معافی مانگے گا اور امریکا سے معاہدے کی کوشش کرے گا، امریکی وزیر تجارت
فارن افیئرز کا کہنا ہے کہ بھارت پر مرکوز امریکی پالیسی نہ صرف پاکستان کو دور کرے گی بلکہ خطے میں واشنگٹن کی ساکھ اور اثر و رسوخ کو بھی کمزور کرے گی۔





