ڈینگی وائرس سے بچاؤ اور عوامی شعور بیدار کرنے کے لیے گورنمنٹ ہائی سکول گڑھی حمید گل کے طلبہ اور سکاؤٹس کی جانب سے چارسدہ بازار میں آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔
آگاہی واک میں پرنسپل محمد شعیب اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر شمس الاسلام کی قیادت میں منعقد ہوئی، جس میں سکول کے طلبہ، اساتذہ اور دیگر افراد نے بھرپور شرکت کی۔
واک کے دوران طلبہ نے ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر پر مبنی پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، عوام میں آگاہی کے لیے پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔
سکاؤٹس ٹیم کے انچارج محمد علی عارف کی نگرانی میں بازار کے تاجروں اور راہگیروں میں پمفلٹس بانٹے گئے جن میں ڈینگی سے بچاؤ کے طریقے اور احتیاطی ہدایات درج تھیں۔
واک کے شرکا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے صفائی کا خاص خیال رکھیں، کھڑے پانی کو ختم کریں اور اردگرد کے ماحول کو صاف ستھرا رکھیں۔
ڈپٹی ڈی او شمس الاسلام نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ احتیاطی تدابیر پر عمل کر کے ہی ہم ڈینگی کے پھیلاؤ پر قابو پا سکتے ہیں، پورے ضلع میں سکولوں کے طلبہ کے ذریعے ڈینگی سے بچاؤ کی آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔؎
یہ بھی پڑھیں: چارسدہ میں ہر گھر ڈینگی سے متاثر، ضلعی انتظامیہ نے گھر گھر سپرے مہم شروع کر دی
انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ گھروں اور دفاتر کے آس پاس کھڑے پانی پر کڑی نظر رکھیں اور صفائی کے عمل کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ اس مہلک وائرس سے محفوظ رہا جا سکے۔





