مشیرخزانہ مزمل اسلم کی میڈیا سے گفتگو پر مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کا ردعمل

پشاور: پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر رحمت سلام خٹک نے مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کی میڈیا ٹاک پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا جیسے اہم اور حساس صوبے کے خزانے کی نگرانی ایک “امپورٹڈ” مشیر کو سونپنا، صوبے کے پانچ کروڑ عوام کی توہین کے مترادف ہے۔

رحمت سلام خٹک نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت شدید مالی اور انتظامی بحران سے دوچار ہے، مگر حکمران محض زبانی دعووں اور بڑھکوں سے عوام کو بہلانے کی کوشش کر رہے ہیں، قلیل مدت میں خیبرپختونخوا میں میگا کرپشن کے نئے ریکارڈ قائم ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بی آر ٹی اور ہیلتھ کارڈ منصوبوں کے بعد اب 10 بلین ٹری سونامی پروگرام بھی ایک بڑے اسکینڈل کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔موجودہ حکومت اسکولوں اور ہسپتالوں کی نجکاری کے ذریعے صوبے کے مستقبل سے خطرناک کھیل کھیل رہی ہے۔

رحمت سلام خٹک کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے کہ حکمرانوں کو صوبائی حکومت روزانہ دہاڑی کے ٹھیکے پر ملی ہو۔

Scroll to Top