خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کے لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی امداد پر صوبائی حکومت نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے کی امداد متاثرین کے لیے’’اونٹ کے منہ میں زیر‘‘کے مترادف ہے اور اس سے متاثرین کو کوئی خاطر خواہ مدد نہیں ملی
بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرین کو چند ٹینٹ اور نیک خواہشات کے سوا کچھ نہیں دیا گیا، جبکہ خیبر پختونخوا حکومت نے اپنی تمام تر صلاحیتوں اور وسائل سے متاثرین کی بھرپور مدد کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ کی نگرانی میں ریلیف آپریشن کامیابی سے مکمل کیا گیا اور اب بحالی کا عمل جاری ہے۔
صوبائی مشیر نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر متاثرین کو دگنا معاوضہ فراہم کیا گیا ہے، جہاں شہداء کے لواحقین کو 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کو 10 لاکھ روپے دیے گئے ہیں۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا موقف ہے کہ این ڈی ایم اے کی امداد نا قابل قبول ہے اور اسے بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرین کو مناسب ریلیف فراہم کیا جا سکے۔





