لوئر دیر میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 10 دہشت گرد ہلاک، 7 جوان شہید

سیکیورٹی فورسز نےضلع دیر میں کارروائی کرتے ہوئے بھارتی اسپانسرڈ 10 خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ آپریشن کے دوران یرغمال شہریوں کی جانیں بچاتے ہوئے 7 جوان شہید ہوگئے۔

آئی ایس پی آرکے مطابق 11 ستمبر 2025 کو سیکیورٹی فورسز نے بھارتی پروکسی فتنۃ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر لوئر دیر کے علاقے لال قلعہ میدان میں آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو موثرطریقے سے نشانہ بنایا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 10 بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ہلاک کر دیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں وطن کے 7 بہادر سپوتوں نےیرغمال معصوم شہریوں کو بچاتے ہوئے شہادت کا درجہ حاصل کیا، ان شہریوں کو بھارتی حمایت یافتہ خوارج نے یرغمال بنا رکھا تھا۔

شہید ہونے والے جوانوں میں شمالی وزیرستان کے 39 سالہ نائیک عبدالجلیل، لکی مروت کے 38 سالہ نائیک گل جان، لکی مروت کے 28 سالہ لانس نائیک عظمت اللہ، ضلع خیبر کے 28 سالہ سپاہی عبدالملک، مالاکنڈ کے 27 سالہ سپاہی محمد امجد، صوابی کے 23 سالہ سپاہی محمد داؤد، ڈیرہ اسمعیٰل خان کے 21 سالہ سپاہی فضل قیوم شامل ہیں۔

انٹیلی جنس رپورٹس کے مطابق دہشت گردی میں افغانی شہری براہ راست ملوث ہیں، پاکستان کو امید ہے افغانستان کی عبوری حکومت ذمہ داری کا مظاہرہ کرے گی، امید ہے پاکستان میں دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین استعمال ہونے سے روکی جائے گی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کسی بھی دوسرے بھارتی حمایت یافتہ خوارج کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کو ملک سے جڑ سے ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Scroll to Top