ایشیا کپ ٹی 20 کے پانچویں میچ میں سری لنکن ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو چھ وکٹوں سے با آسانی شکست دے دی۔
ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیاجو ابتداء میں ان کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔
ابتدائی دو کھلاڑی صفر پر پویلین لوٹ گئے، تاہم مڈل آرڈر بیٹرز نے ٹیم کو سہارا دیا۔ لٹن داس نے 28 رنز بنائے جبکہ شمیم حسین (42) اور جاکر علی (41) کی ناقابل شکست شراکت نے اسکور 139 تک پہنچایا۔
سری لنکا کی جانب سے اسپنر وانندو ہسارنگا نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ چمیرا اور تھشارا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔
ہدف کے تعاقب میں سری لنکن اوپنرز نے جارحانہ انداز اپنایا۔ پتھم نسانکا نے 34 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی جبکہ کمیل مشارا 46 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اختتامی لمحات میں کپتان چرِتھ اسالانکا نے 10 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر میچ کا فیصلہ کر دیا۔
سری لنکا نے 140 رنز کا ہدف صرف 14.4 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم کا سیلاب متاثرین کیلئے بڑی سہولت کا اعلان
بنگلہ دیش کے بولرز حریف بیٹرز پر دباؤ قائم رکھنے میں ناکام نظر آئے صرف ماحدی حسن نے قدرے بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے دو وکٹیں حاصل کیں۔





