سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے پاکستانی اسپنرز کو بھارتی بیٹرز کیلئے خطرہ قرار دیدیا

سابق کرکٹر سنجے منجریکر نے پاکستانی اسپنرز کو بھارتی بیٹرز کیلئے خطرہ قرار دیدیا

سابق بھارتی کرکٹر اور معروف کمنٹیٹر سنجے منجریکر نے ایشیا کپ کے سب سے بڑے مقابلے سے قبل پاکستانی اسپنرز کو بھارتی ٹیم کیلئے بڑا خطرہ قرار دیدیا ہے۔

ایشیا کپ 2025 کا سب سے بڑا ٹاکرا آج دبئی میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اس اہم مقابلے کے لیے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گی، جبکہ دنیا بھر کے شائقین بھی اس دلچسپ معرکے کے شدت سے منتظر ہیں۔

اسپن اٹیک بھارتی بیٹنگ کو مشکل میں ڈال سکتا ہے:
منجریکرسنجے منجریکر کا کہنا ہے کہ پاکستانی ٹیم نے متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی روایتی فاسٹ بولنگ کی حکمت عملی میں تبدیلی کی ہے اور اس بار وہ اسپن پر انحصار کر رہے ہیں، جو بھارتی بیٹنگ لائن کے لیے مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا’’پاکستان کا اسپن پر مبنی بولنگ اٹیک بھارتی بیٹرز کو دبئی کی پچ پر چیلنج کر سکتا ہے۔ مجھے یہ کمبی نیشن پسند آیا کیونکہ یہ بھارت بمقابلہ پاکستان جیسا بڑا مقابلہ ہے، اور اس میں کچھ مختلف حکمتِ عملی نظر آ رہی ہے۔‘‘

حکمت عملی کارگر ثابت ہو رہی ہے
گرین شرٹس نے حالیہ سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں افغانستان کو شکست دی اور ایشیا کپ کے ابتدائی میچ میں عمان کو یکطرفہ مقابلے کے بعد ہرا کر اپنی اسپن بولنگ حکمت عملی کو کامیاب ثابت کیا ہے۔

پاکستانی بیٹنگ لائن پر سوال
اگرچہ منجریکر نے اسپن بولنگ کی تعریف کی، لیکن ساتھ ہی انہوں نے پاکستان کی بیٹنگ لائن میں بہتری کی ضرورت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر پاکستان کو ٹورنامنٹ میں کامیابی حاصل کرنی ہے تو بیٹنگ لائن کو بھی مستقل مزاجی دکھانا ہوگی۔

ٹاکرا آج شام ساڑھے سات بجے، دبئی میںپاکستان اور بھارت کے درمیان یہ اہم مقابلہ آج شام 7:30 بجے دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا، جہاں ہزاروں شائقین کی نظریں دونوں ٹیموں کے ہر لمحے پر جمی ہوں گی۔

Scroll to Top