ایشیا کپ کا بڑا دنگل! پاک بھارت ٹاکرا آج، روایتی حریف معرکہ حق کے بعد پہلی بار آمنے سامنے

ایشیا کپ کا بڑا دنگل! پاک بھارت ٹاکرا آج، روایتی حریف معرکہ حق کے بعد پہلی بار آمنے سامنے

کرکٹ کے دیوانوں کیلئے آج کا دن خاص ہے، ایشیا کپ 2025 میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت ایک بار پھر میدان میں آمنے سامنے آ رہے ہیں۔ یہ ٹاکرا آج شام ساڑھے سات بجے دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

معرکہ حق کے بعد دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ ایک دوسرے سے ٹکرائیں گی۔ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں چھ ماہ کے دوران دوسری بار آمنے سامنے آ رہی ہیں۔ اس سے قبل دونوں ٹیموں کا مقابلہ چیمپئنز ٹرافی میں ہوا تھا۔

دونوں ٹیمیں شاندار فارم میں
حالیہ کارکردگی کی بات کی جائے تو دونوں ٹیمیں بہترین فارم میں دکھائی دے رہی ہیں۔ بھارت نے ایشیا کپ میں متحدہ عرب امارات کو 9 وکٹوں سے شکست دی، جبکہ پاکستان نے افغانستان اور یو اے ای کو ہرا کر تین ملکی سیریز اپنے نام کی۔ایشیا کپ کی تاریخ میں بھارت نے اب تک 19 میں سے 10 میچز جیتے ہیں، جبکہ پاکستان کو 6 فتوحات حاصل ہوئیں۔ پاکستان نے بھارت کے خلاف آخری فتح 2022 میں حاصل کی تھی۔

ٹائٹل جیتنا اصل ہدف ہے، صائم ایوب
پاکستانی اوپنر صائم ایوب نے کہا ہے کہ’’ہدف صرف بھارت کو ہرانا نہیں بلکہ ایشیا کپ کا ٹائٹل جیتنا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ٹیم مکمل تیار ہے اور حتمی الیون کا انتخاب کر لیا گیا ہے۔

بھارتی کوچ کا دعویٰ: ہم فیورٹ ہیں
بھارتی اسسٹنٹ کوچ ریان ٹین ڈسکاٹے نے کہا ہے کہ بھارتی ٹیم اس مقابلے کی فیورٹ ہے۔ ’’ہمارے پاس ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو کسی بھی نمبر پر کھیلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘‘

شائقین کا جوش عروج پر
دنیا بھر کے کرکٹ شائقین اس مقابلے کے شدت سے منتظر ہیں۔ پرستاروں کی نظریں اپنے ہیروز پر جمی ہوئی ہیں اور وہ ایک یادگار مقابلے کی توقع کر رہے ہیں۔پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا ہمیشہ سے جذبات، مہارت اور اعصاب کی جنگ رہا ہے اور آج کا میچ بھی کچھ کم نہ ہوگا۔

Scroll to Top