اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ و سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان کی زیر قیادت وفاقی کابینہ نے موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے اور اس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حالیہ سیلاب کے باعث ہونے والے نقصانات کے تخمینے کے لیے سروے جاری ہیں جبکہ کسانوں کو درپیش مسائل کے جائزے اور ازالے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت حقائق پر مبنی فیصلے کر رہی ہے اور اس وقت سب سے اہم ترجیح متاثرہ عوام کی فوری امداد و بحالی ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ سیلاب کے دوران مربوط ریسکیو اور ریلیف آپریشنز کامیابی سے انجام دیے گئے ،اور اب بحالی کا مرحلہ شروع ہو چکا ہے، یہ ایک قومی چیلنج ہے جس سے سیاست سے بالاتر ہو کر نمٹنا ہوگا۔
محمد اورنگزیب نے سیلاب سے متاثرہ انفرااسٹرکچر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ متعدد سڑکیں، پل، مکانات اور دیگر املاک کو نقصان پہنچا ہے، وزیراعظم کی ہدایت پر آئندہ 300 دنوں کے اندر ایک عملی پلان مرتب کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : سیلاب زدگان کیلئے بڑی خبر، وزیراعظم کا اہم اعلان سامنے آ گیا
انہوں نے بجلی کے بلوں کے حوالے سے کہا کہ وزیراعظم نے اگست کے بجلی بل فوری طور پر روکنے اور پہلے سے ادا شدہ بلوں کی ایڈجسٹمنٹ کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف ٹیم سے بھی سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیرِ نو کے حوالے سے بات چیت کی جائے گی۔





