سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ بدستور جاری ہے، اور آج ایک بار پھر عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونا تاریخ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
بدھ کے روز بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 58 ڈالر کا بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد عالمی قیمت 4,198 ڈالر فی اونس تک پہنچ گئی، جو کہ ایک نیا تاریخی ریکارڈ ہے۔
عالمی مارکیٹ میں اس اضافے کا براہِ راست اثر پاکستانی صرافہ بازاروں پر بھی پڑا۔ 24 قیراط خالص سونا آج 5,800 روپے مہنگا ہو کر 4 لاکھ 40 ہزار 900 روپے فی تولہ کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
اسی طرح فی 10 گرام سونے کی قیمت میں 4,972 روپے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 78 ہزار روپے ہو گئی۔
سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے ایک جانب جہاں عام صارفین کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے، وہیں سرمایہ کار طبقہ اسے ایک محفوظ سرمایہ کاری کے موقع کے طور پر دیکھ رہا ہے۔
مارکیٹ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی اقتصادی غیر یقینی صورتِ حال، افراطِ زر اور ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ کی وجہ سے سرمایہ کار سونے کو محفوظ پناہ گاہ سمجھتے ہوئے اس میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں، جس سے قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔





