شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خوارج کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کے کیمپ پر کی گئی خودکش حملے کی کوشش ایک بروقت اور بہادرانہ کارروائی کے نتیجے میں ناکام بنا دی گئی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ایک خوارجی نے بارودی گاڑی سیکیورٹی کیمپ کی دیوار سے ٹکرا دی جس کے نتیجے میں گاڑی دھماکے سے پھٹ گئی۔
دھماکے کے بعد تین دیگر خوارج کیمپ کے اندر داخل ہونے کی کوشش کرنے لگے مگر فورسز کی فوری کارروائی میں وہ کیمپ کے باہر ہی مارے گئے، مجموعی طور پر چار خوارج ہلاک ہوئے ہیں،
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے گزشتہ تین دنوں کے دوران افغان طالبان کی حمایت یافتہ 88 خوارج کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
ذرائع نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت افواجِ پاکستان ملک کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے آخری خوارجی کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے میر علی میں خوارجیوں کا حملہ ناکام بنانے اور چار دہشت گردوں کو جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا ہے، انہوں نے کہا کہ خوارجیوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے والے بہادر سپوتوں کو سلام ہے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا، فورسز کے مختلف علاقوں میں آپریشن، بھارتی سرپرستی یافتہ 34 خوارج ہلاک
وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بروقت کارروائی کرکے سیکیورٹی فورسز نے دشمن کو عبرتناک انجام تک پہنچایا، پوری قوم کو اپنے دلیر سپوتوں پر فخر ہے۔





