کو ہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ایک تاریخی سنگ میل عبور کرلیا

کو ہاٹ یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے تعلیمی میدان میں ایک تاریخی سنگ میل عبور کرتے ہوئے ذہنی صحت کے فروغ کے لیے جدید ترین کونسلنگ سنٹر قائم کردیا جو طلبہ و طالبات کو نفسیاتی معاونت فراہم کرنے‘ ان کے تعلیمی اور سماجی مسائل سمجھنے اور انہیں ذہنی دباؤ سے نجات دلانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

اس ضمن میں منگل کے روزجامعہ کوہاٹ میں افتخارآڈیٹوریم میں شعبہ نفسیات کے زیرِ اہتمام ایک تقریب منعقد کی گئی جس میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدلاکرم نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نصیرالدین ‘فیکلٹی ممبران، طلباء وطالبات، ماہرین نفسیات اوردیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پرخطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدلاکرم نے کہا کہ تعلیمی ادارے صرف علم کے مراکز نہیں بلکہ شخصیت سازی اور ذہنی و نفسیاتی استحکام کے مراکز بھی ہونے چاہئیں۔ کوہاٹ یونیورسٹی کا یہ اقدام ایک مثال بنے گا جہاں طلباء وطالبات کو ذہنی آگاہی دی جا سکے گی۔

جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد نصیرالدین کا کہناتھاکہ کوہاٹ یونیورسٹی کا یہ اقدام نہ صرف طلباء کی ذہنی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ہوگا بلکہ ان کی تعلیمی کارکردگی اور زندگی کے معیار میں بھی نمایاں بہتری لائے گا۔ ایک صحت مند ذہن ہی تعلیمی کامیابی کی کنجی ہے۔ تقریب سے ماہرین نفسیات نے ذہنی صحت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے اس حقیقت کو اجاگر کیا کہ پاکستان میں تعلیمی اداروں میں ذہنی صحت کو اب بھی وہ توجہ نہیں دی جا رہی جو دی جانی چاہیے۔

مقررین نے کہا کہ بڑھتے ہوئے تعلیمی دباؤ، سماجی چیلنجز اور ذاتی مسائل کے باعث طلباء میں ذہنی دباؤ اور ڈپریشن جیسے مسائل عام ہو رہے ہیںجن کا بروقت علاج نہ ہونے سے ان کی تعلیمی اور ذاتی زندگی بری طرح متاثر ہو رہی ہے۔طلباء وطالبات نے ذہنی صحت کے حوالے سے آگاہی دینے کے لئے سٹیج پر عملی طور پر مختلف مسائل کی نشاندہی کی اور قابل عمل تجاویز کا بھی عملی مظاہرہ کیا۔

ایک طالبعلم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اکثر طلباء ذہنی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں لیکن ان کے پاس کوئی ایسا پلیٹ فارم نہیں ہوتا جہاں وہ اپنے مسائل پر کھل کر بیان کر سکیں۔ یہ مرکز طلبہ وطالبات کے لئے امید کی ایک نئی کرن ہے جو نفسیاتی مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوگا۔قبل ازیںڈپٹی کمشنر عبدلاکرم نے کونسلنگ سنٹر کا باضابطہ افتتاح کیا۔ 

Scroll to Top