تم تو اپنی کابینہ تک نہیں بنا سکتے، وفاق کو کس قوت سے روک پاؤ گے؟مولانا اسعد محمود کا وزیراعلیٰ سہیل آفریدی پر طنز

جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر مولانا اسعد محمود نے موجودہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومتیں مکمل ناکام ہو چکی ہیں اور عوامی نمائندگی کے بجائے کسی اور کے اشاروں پر چل رہی ہیں۔

مولانا اسعد محمود نے دیر بالا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب وزیرِ اعلیٰ سہیل آفریدی اپنے ہی صوبے کے کسی ضلع میں ڈپٹی کمشنر اپنی مرضی سے تعینات نہیں کر سکتا تو یہ جمہوریت نہیں بلکہ غلامی کی بدترین شکل ہے، انہوں نے طنزاً کہا تم تو اپنی کابینہ تک نہیں بنا سکتے پھر وفاق کو کس قوت سے روک پاؤ گے؟

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم اپنے اداروں میں سیکرٹری تعینات نہیں کر سکتا اور وزیر اعلیٰ کسی بھی ضلع کا ڈپٹی کمشنر اپنی مرضی سے مقرر نہیں کر سکتا جو موجودہ نظام کی ناکامی کا ثبوت ہے۔

مولانا اسعد محمود نے 70 سال سے جاری غلامانہ نظام کو مزید مستحکم کرنے پر حکمرانوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور مفکر اسلام مولانا مفتی محمود کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ مفتی صاحب نے جنرل ایوب خان کے خلاف جمہوریت اور قومی وقار کے تحفظ کے لیے اپنی حکومت قربان کر دی تھی مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔

جلسے میں صوبائی جنرل سیکرٹری سینیٹر مولانا عطا الحق درویش، صوبائی نائب امیر مفتی فضل غفور اور نائب امیر عبدالحسیب حقانی نے بھی خطاب کیا اور جماعت کی سیاسی لائن کی تائید کی۔

مولانا اسعد محمود نے کہا کہ حکمران ناکامیوں کا ملبہ چند افراد پر ڈال کر عوامی اختیار کو دبانے کے لیے قائم اس نظام کا دفاع کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ہمیشہ عوامی تائید سے قائم حکومتوں کو للکارتی رہی ہے اور یہ جدوجہد آئندہ بھی جاری رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کابینہ کی تشکیل کا حتمی فیصلہ عمران خان سے ملاقات کے بعد ہوگا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

انہوں نے مزید کہا کہ 2018 کے انتخابات میں دھاندلی کے باوجود عوام نے جے یو آئی کا ساتھ دیا اور 2024 میں پارٹی امیدواروں اور علما پر حملے اور دھمکیاں دی گئیں مگر کارکنوں کا جذبہ کمزور نہ ہوا۔

مولانا اسعد محمود نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ جے یو آئی انشاء اللہ ان زرخرید حکمرانوں کے اقتدار پر آخری کیل ٹھونک دے گی۔

Scroll to Top