پشاور میں چینی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کریک ڈاؤن، دکان سیل، مالک گرفتار

پشاور۔ صوبائی دارالحکومت میں چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور فوڈ کنٹرولر نے کارخانو مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے ایک دکان سیل کر دی اور مالک کو گرفتار کر لیا۔

اعلیٰ حکام کی ہدایات پر مرحبہ مارکیٹ، کارخانو بازار سمیت مختلف مقامات پر آپریشن کیا گیا تاکہ چینی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو روکا جا سکے اور چینی کی بلیک میں فروخت کا خاتمہ کیا جا سکے۔ کارروائی کے دوران اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولر شاہد علی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہارون سلیم اور فوڈ انسپکٹر شاہد صافی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور: خیبرپختونخوا کی تمام جیلوں میں قیدیوں کا ڈوپ ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران 800 سے 900 بوریاں چینی برآمد کی گئیں جو ذخیرہ اندوزی کے لیے رکھی گئی تھیں۔ دکاندار کو گرفتار کر کے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے جبکہ دکان اور کاروباری ایریا کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔

انتظامیہ نے ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے تاکہ اشیائے ضروریہ عوام کو مناسب قیمت پر دستیاب ہوں اور مہنگائی میں مصنوعی اضافہ روکا جا سکے۔ حکام کے مطابق، پشاور میں چینی کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف مزید سخت اقدامات کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

Scroll to Top