ترکیہ کی درخواست،پاکستان نے افغانستان سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کردی

ترکیہ کی درخواست،پاکستان نے افغانستان سے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کردی

ترکیہ کی درخواست پر پاکستان نے افغانستان کے ساتھ تعطل کا شکار مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور افغانستان دونوں نے مذاکراتی عمل بحال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ خطے میں امن اور تعاون کے امکانات کو ایک بار پھر موقع دیا جا سکے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد، جو مذاکرات کے غیر نتیجہ خیز رہنے کے بعد وطن واپسی کے لیے تیار تھا، ترکیہ کے حکام کی درخواست پر استنبول میں ہی موجود رہا۔ بعد ازاں افغان حکام نے بھی سفارتی سطح پر رابطے کیے، جس کے بعد دونوں ممالک نے بات چیت کے نئے مرحلے پر اتفاق کر لیا۔

ترکیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ اس کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام میں مددگار ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستانی وفد اب استنبول میں مزید قیام کرے گا اور مذاکراتی عمل کو دوبارہ شروع کرتے ہوئے امن کو ایک اور موقع دینے پر متفق ہے۔ مذاکرات میں پاکستان کا بنیادی مؤقف بدستور یہی ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین پر موجود دہشتگردوں کے خلاف واضح، قابلِ تصدیق اور مؤثر کارروائی کرے۔

ذرائع کے مطابق بات چیت میں سرحدی سلامتی، انسدادِ دہشتگردی تعاون، اور باہمی سفارتی روابط کو مضبوط بنانے کے امور بھی زیر غور آئیں گے۔

Scroll to Top