اٹک سے 27 ہزار افغان مہاجرین کی وطن واپسی، غیر قانونی پناہ دینے اور کاروبار کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

اٹک سے 27 ہزار افغان مہاجرین کی وطن واپسی، غیر قانونی پناہ دینے اور کاروبار کرنیوالوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا اعلان

ضلعی انتظامیہ کے مطابق اٹک نے افغان مہاجرین کی واپسی کے سلسلے میں پنجاب بھر کے اضلاع میں سب سے نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹک میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 27 ہزار افغان مہاجرین کو ہولڈنگ سنٹر کے ذریعے افغانستان واپس بھیج دیا گیا ہے، جبکہ 17 ہزار مہاجرین نے رضا کارانہ طور پر اپنے وطن واپسی اختیار کی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق اس وقت بھی 350 سے زائد افغان مہاجرین ہولڈنگ سنٹر میں موجود ہیں، جو سرحد بند ہونے کے باعث قیام پذیر ہیں۔

ڈپٹی کمشنر راوعاطف رضا اور ڈی پی او سردار موارحن خان نے افغان ہولڈنگ سنٹر اٹک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سخت ہدایات کے تحت غیر قانونی افغان مہاجرین کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جو افراد افغان مہاجرین کو گھر، دکان یا جائیداد کرائے پر دے رہے ہیں، ان کے ساتھ کاروبار یا ملازمت کا تعلق رکھتے ہیں، ان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے۔

ڈی سی اٹک اور ڈی پی او نے خبردار کیا کہ انتظامیہ سے عدم تعاون پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر کسی علاقے میں غیر قانونی افغان مہاجرین کی موجودگی ہو تو فوری طور پر 15 پر اطلاع دیں تاکہ ایکشن لیا جا سکے۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب کی ہدایات پر اٹک میں سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ ہولڈنگ سنٹر میں نادرا، ایف آئی اے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندے موجود ہیں تاکہ مہاجرین کی واپسی کا تمام قانونی عمل ایک ہی جگہ مکمل کیا جا سکے۔

Scroll to Top