Pakistan and Afghanistan

متحدہ علماء بورڈ کا کے پی حکومت کی افغانستان سے مذاکرات کی تائید

پشاور۔ متحدہ علماء بورڈ خیبرپختونخوا نے خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے افغانستان سے مذاکرات کی تجویز سے اتفاق کرلیا ہے۔

متحدہ علماء بورڈ کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ علما کرام نے ہمیشہ شرعی تعلیمات کی روشنی میں امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی یہ عمل جاری رکھیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک اور صوبہ سب کا ہے، اور ہر شعبے اور مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

بورڈ نے اس بات پر زور دیا کہ امن و امان اور مذاکرات کے بغیر خوشحال معاشرتی زندگی کا قیام ممکن نہیں۔ دونوں ممالک، پاکستان اور افغانستان کا امن ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے اور ان کی سرحدات، نظریات اور روایات کی حفاظت ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کے افغانستان سے مذاکرات کے لیے حکمت عملی طے

متحدہ علماء بورڈ نے امید ظاہر کی کہ امارت اسلامی افغانستان پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال نہیں ہونے دے گی اور پاکستان بھی اسی طرز عمل کا مظاہرہ کرے گا تاکہ دوطرفہ امن قائم ہو سکے۔

 کرم اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں جاری کشیدگی اور بدامنی کو ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے علما نے کہا کہ حالیہ مشاورتی اقدام قیام امن کی طرف ایک اہم قدم ہے، جس سے کرم کے مسائل بھی مستقل طور پر حل ہو جائیں گے۔

Scroll to Top