پاکستان سے افغان مہاجرین کی واپسی میں تیزی، صرف ایک دن میں 11 ہزار 600 افراد افغانستان روانہ

پاکستان سے افغان مہاجرین کی واپسی میں تیزی، صرف ایک دن میں 11 ہزار 600 افراد افغانستان روانہ

پاکستان سے افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا سلسلہ جاری، 17 لاکھ کے قریب افراد اپنے ملک لوٹ گئے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سے افغان مہاجرین کی باعزت وطن واپسی کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق صرف گزشتہ روز تقریباً 11 ہزار 600 افغان شہری اپنے وطن واپس گئے، جس کے بعد اب تک 16 لاکھ 96 ہزار افغان مہاجرین پاکستان سے واپس افغانستان جا چکے ہیں۔

پاکستانی حکام کے مطابق افغان مہاجرین کی واپسی کا عمل مکمل طور پر قانونی اور منظم طریقہ کار کے تحت کیا جا رہا ہے۔ ہر شخص کے دستاویزات کی تصدیق کے بعد ہی سرحد عبور کرنے کی اجازت دی جاتی ہے تاکہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی نقل و حرکت کو روکا جا سکے۔

حکومت پاکستان نے اس اقدام کو قومی سلامتی اور سرحدی نظم و ضبط کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ افغان مہاجرین کی واپسی کے دوران انسانی احترام اور باعزت طرزِ عمل کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ کسی کو بھی مشکلات یا بے توقیری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

پاکستان نے گزشتہ چار دہائیوں کے دوران افغانستان میں جنگ اور عدم استحکام کے سبب لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی جسے عالمی برادری نے بھی سراہا۔ اس دوران افغان مہاجرین کو پناہ، خوراک، تعلیم، علاج اور روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے، جس نے پاکستان کو خطے میں ایک انسان دوست ریاست کے طور پر نمایاں کیا۔

حکومتی ذرائع کے مطابق افغان مہاجرین کی وطن واپسی کے اس عمل میں فرنٹیئر کور (ایف سی) اور سول انتظامیہ بھرپور تعاون فراہم کر رہی ہیں تاکہ یہ عمل محفوظ، منظم اور باعزت طریقے سے مکمل ہو۔

پاکستانی حکومت نے واضح کیا ہے کہ اب بغیر پاسپورٹ اور ویزا کے داخلہ ممکن نہیں ہوگا۔ سرحدی نظام کو جدید بنانے اور غیر قانونی داخلے کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق، افغان مہاجرین کی واپسی کا یہ عمل نہ صرف پاکستان کی قومی سلامتی پالیسی کا حصہ ہے بلکہ یہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی نئی جہت بھی متعارف کر سکتا ہے، بشرطیکہ افغانستان اپنے شہریوں کی آبادکاری اور بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔

Scroll to Top