راولپنڈی: قومی کرکٹ ٹیم نے سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد آج سے شروع ہونے والی ٹی 20 ٹرائی سیریز کے لیے تیاری مکمل کر لی ہے۔
سیریز میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جس کا پہلا میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔
قومی ٹیم کی خامیوں کو دور کرنے کے لیے کھلاڑیوں نے بھرپور پریکٹس کی ہے، جبکہ سیریز کے آغاز پر ٹرافی کی رونمائی بھی کر دی گئی۔
سری لنکا کے دو اہم کھلاڑی کپتان چارتھ اسالنکا اور فاسٹ بولر فرنینڈو، طبیعت خراب ہونے کے باعث وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ ان کی غیر موجودگی میں داسن شاناکا سری لنکن ٹیم کی عبوری کپتانی انجام دیں گے۔
قومی ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں جیت کا تجربہ ٹی 20 میں فائدہ دے گا اور سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔
سری لنکن کپتان داسن شاناکا نے کہا کہ اپنی پچھلی غلطیوں سے سبق سیکھیں گے اور ون ڈے سیریز والی خامیاں ٹی 20 میں نہیں دہرائیں گے۔
زمبابوے کے کپتان سکندر رضا نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر کام کر رہے ہیں اور کوشش کریں گے کہ ٹرائی سیریز کے فائنل تک پہنچیں۔
یہ بھی پڑھیں : شائقین کرکٹ کے لیے بڑا دھچکا، سری لنکا کے دو اہم کھلاڑی ٹرائی سیریز سے قبل وطن روانہ
یاد رہے کہ کل سری لنکن کرکٹ ٹیم کے دو اہم کھلاڑی کپتان چارث اسالنکا اور فاسٹ بولر اسیتھا فرنینڈو، اپنی طبیعت خراب ہونے کے سبب کل سے پاکستان میں شروع ہونے والی ٹی ٹوئنٹی ٹرائی نیشن سیریز میں شرکت کے بغیر وطن واپس جا رہے ہیں۔
سری لنکا کرکٹ بورڈ کے مطابق دونوں کھلاڑی بہتر علاج کے لیے وطن واپس روانہ کیے گئے ہیں، جبکہ ان کی غیر موجودگی میں داسن شاناکا ٹیم کی عبوری قیادت سنبھالیں گے۔
بورڈ نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ کھلاڑیوں کی صحت اور ٹیم کی کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے تاکہ ٹیم میدان میں مکمل تیار اور مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکے۔
سری لنکا، پاکستان اور زمبابوے کے درمیان یہ سہ ملکی سیریز آج سے راولپنڈی میں شروع ہو رہی ہے، جہاں پہلا میچ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔





