مریم نوازنے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن کی جیت نواز شریف اور پنجاب و خیبرپختونخوا کے عوام کے حوصلے اور حمایت کا نتیجہ، بائیکاٹ کے بجائے دھاندلی بے نقاب کی جائے
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ ضمنی الیکشن کی کامیابی نواز شریف اور پنجاب و خیبرپختونخوا کے عوام کے حوصلے اور حمایت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ الیکشن ریفرنڈم نہیں تھا اور جب عوام ساتھ ہوں تو الیکشن کا بائیکاٹ کسی بھی صورت نہیں کیا جاتا۔ضمنی الیکشن میں مقبولیت کے دعوے زمین بوس ہوگئے ، ضمنی الیکشن میں جیت نواز شریف کے نام کرتی ہوں ،ضمنی الیکشن میں جیت پنجاب اور خیبر پختونخوا کے عوام کے نام کرتی ہوں ۔
صوبائی وزراء اور سیکرٹریوں کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز شریف نے کہا کہ اگر دھاندلی کے نتیجے میں ہار بھی جائیں تو بائیکاٹ کے بجائے دھاندلی کو بے نقاب کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا’’کبھی اتنی منافقت نہیں دیکھی کہ ہارنے پر بائیکاٹ کا شور مچایا جائے، لیکن جب دھاندلی ہوتی ہے تو دنیا دیکھتی ہے۔‘‘
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ پرفارمنس سے بہتر کوئی بیانیہ نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ پی ٹی آئی کے دور میں پوری ریاست کی مشینری ن لیگ کے خلاف تھی۔ پی ٹی آئی نے پنجاب میں بائیکاٹ کیا جبکہ خیبرپختونخوا میں الیکشن میں حصہ لیا، لیکن انہیں وہاں بھی عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی نے قیدی نمبر 804 کے نام پر الیکشن لڑنے کے دعوے کیے، مگر ناکامی ہوئی۔ انہوں نے زور دے کر کہا’’ضمنی الیکشن میں جیت نواز شریف کے نام کرتی ہوں اور یہ جیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے عوام کے حوصلے اور حمایت کا نتیجہ ہے۔





