چارسدہ: شدید دھند کے باعث ڈی سی چارسدہ نے تمام سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے اوقات کار میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نئے اوقات کے مطابق اسکول پیر تا جمعرات اور ہفتہ کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کھلیں گے، جبکہ جمعہ کے روز اسکول صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک کھلے رہیں گے۔
ڈی سی چارسدہ نے ہدایت کی ہے کہ تمام ادارے نئے اوقات کی سختی سے پابندی کریں اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ یہ فیصلہ بچوں کے تحفظ اور عوامی مفاد میں کیا گیا ہے۔ نئے اوقات کار اگلے احکامات تک نافذ العمل رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پی ڈی ایم اے نے سموگ کے حوالے سے انتباہ جاری کر دیا
جبکہ دوسری جانب پی ڈی ایم اے نے خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں خشک سردی کے باعث سموگ اور دھند میں شدت کے خدشے سے آگاہ کرتے ہوئے عوام کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پشاور، چارسدہ، صوابی، مردان اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت دیگر میدانی علاقوں میں سموگ برقرار رہنے کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ایم ون موٹروے اور جی ٹی روڈ پر رات اور صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ میں مزید کمی کے امکانات پر بھی خبردار کیا ہے۔
مراسلے میں تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات کرنے اور عوام کو حفاظتی تدابیر اپنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ایڈوائزری کے مطابق سموگ سانس اور دمہ کے مریضوں کے لیے نقصان دہ ہے، لہٰذا عوام کو غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کرنے اور این95 یا کے این95 ماسک استعمال کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ گھر میں کھڑکیاں اور دروازے بند رکھنے، موم بتی اور لکڑی جلانے سے پرہیز کرنے، اور معمر افراد و بچوں کے لیے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے پر بھی زور دیا گیا ہے۔





