پی ٹی آئی نے کبھی کسی صوبے پر چڑھائی نہیں کی، بیرسٹر گوہر

پشاور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے کبھی کسی صوبے پر چڑھائی نہیں کی اور نہ کرے گی۔

پشاور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہری پور کے ضمنی انتخابات میں ایک بار پھر پارٹی کو مایوس کیا گیا، تاہم ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا کہ کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی نہ ہو، لیکن ہم پرامن رہیں گے اور اپنا حق کسی کو کھانے نہیں دیں گے۔

صوابی میں گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے الزام لگایا کہ ہری پور الیکشن میں بدترین دھاندلی ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں ناکام ہو چکی ہیں اور بے روزگاری کی شرح 7.1 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

اسد قیصر نے آئی ایم ایف کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں تقریباً 5300 ارب روپے کی کرپشن ہوئی، اور مطالبہ کیا کہ نیب اس کرپشن کی آزادانہ تحقیقات کرے۔

یہ بھی پڑھیں : وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے آئندہ ماہ پشاور میں جلسے کا اعلان کر دیا

 جبکہ دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل خان آفریدی کی صدارت میں ضلع پشاور کے موجودہ اور سابق اراکین اسمبلی سمیت سینئر قیادت کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں شہر کے میگا پراجیکٹس اور دیگر اہم مسائل پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ پشاور کی ترقی اور عظمت رفتہ کی بحالی کے لیے 100 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں پر جلد گرینڈ میٹنگ بلائی جائے گی۔

جس میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے شہر کی ترقی کو اولین ترجیح دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پشاور نہ صرف صوبے کا دارالحکومت ہے بلکہ خیبر پختونخوا کا چہرہ بھی ہے۔

اجلاس میں 7 دسمبر کو پشاور میں منعقد ہونے والے جلسے، جس کا عنوان عمران کی خاطر زندہ ہے پشاور رکھا گیا ہے، کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ جلسہ جمہوری اداروں کی مضبوطی، عدلیہ کی آزادی اور عمران خان کی رہائی کی کوششوں میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

Scroll to Top