آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو 321 رنز کا ہدف دے دیا۔
کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
نیوزی لینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں پاکستان کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے 5 وکٹ کے نقصان پر 320 رنز بنائے۔
ول ینگ نے 107 رنز کی شاندار اننگ کھیلی، انہیں 107 رنزپر نسیم شاہ نے آؤٹ کیا۔گلین فلپس کو حارث رؤف نے آؤٹ کیا، انہوں نے 39 گیندوں پر 61 رنز کی اننگ کھیلی۔
ٹام لیتھم نے 118 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی، ٹام لیتھم کی اننگ میں تین چھکے اور 10 چوکے شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپئنز ٹرافی 2025: پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ، کس کا پلڑا بھاری؟
پاکستان کو پہلی کامیابی ابرار احمد نے دلائی جب نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 39 رنز پر گری، ڈیون کونوے کو 10رنزپر ابرارحمد نے بولڈ کیا۔ بعد ازاں نسیم شاہ نے جارحانہ بلے باز کین ولیمسن کو صرف 1 رن بناکر پویلین لوٹا دیا، ولیمسن کا کیچ وکٹوں کے پیچھے سے محمد رضوان نے کیا۔
تیسری وکٹ حارث رؤف نے لی جنہوں نے 10 رنز بنانے والے ڈیرل مچیل کو پویلین لوٹایا۔
ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئےقومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے کہا کہ پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے ، فہیم اشرف کی جگہ فاسٹ بولر حارث رؤف ٹیم میں شامل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوسری اننگزمیں یہاں اوس پڑتی ہے، ہم دفاعی چیمپئن ہیں،تھوڑا دباؤ ہوگا۔
اس کے علاوہ کیوی کپتان مچیل سینٹنر کا کہنا تھا کہ کراچی اسٹیڈیم کی وکٹ اچھی لگ رہی ہے، رات میں اوس ہوگی، ٹیم میں فاسٹ بولر میٹ ہنری کی واپسی ہوئی ہے۔