پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کےگیارہویں ایڈیشن سے قبل کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خبر سامنے آئی ہے جہاں ملتان سلطانز کی ٹورنامنٹ میں باضابطہ واپسی ہو گئی ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے ایک اہم پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا ہے کہ سیالکوٹ اسٹالینز نے اپنا نام تبدیل کر لیا ہے اور اب یہ فرنچائز پی ایس ایل کے آئندہ سیزن میںملتان سلطانزکے نام سے شرکت کرے گی۔ اس فیصلے کے بعد لیگ میں ملتان کے نام کی نمائندگی برقرار رہے گی جو اس سے قبل کچھ تکنیکی وجوہات کی بنا پر دستیاب نہیں تھی۔
سلمان نصیر نے میڈیا کو بتایا کہ ملتان سلطانز کے نئے سی ای او گوہر شاہ کی جانب سے فرنچائز کا نام تبدیل کرنے کی باضابطہ درخواست دی گئی تھی جسے پی ایس ایل انتظامیہ نے منظور کر لیا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ گوہر شاہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ پہلا بڑا اقدام اٹھایا ہے تاکہ ملتان کے مداحوں کی اپنی ٹیم سے وابستگی کو برقرار رکھا جا سکے۔ اس تبدیلی کے ساتھ ہی ٹیم کی سالانہ فرنچائز فیس میں بھی ردوبدل کیا گیا ہے اور اب یہ فیس 1.85 ارب روپے سے بڑھا کر 2 ارب روپے سالانہ مقرر کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں ہونے والی پی ایس ایل نیلامی کے دوران او زی ڈویلپرز نے سیالکوٹ کی فرنچائز خریدنے کے لیے 1.85 ارب روپے کی خطیر بولی دی تھی، جسے پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے مہنگی ترین بولی قرار دیا گیا تھا۔





