سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو جیت کے لیے 115 رنز کا آسان ہدف دے دیا۔
راولپنڈی میں کھیلے جانے والے سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے فائنل میں سری لنکا کی ٹیم پاکستان کے خلاف صرف 114 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے 115 رنز کا ہدف ملا ہے۔
سری لنکا کے کامل مشہارا نے 59 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دینے کی کوشش کی، جبکہ کوسل مینڈس 14 اور پتھم نسانکا 11 رنز بنا سکے۔
سری لنکا کے سات بیٹرز ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے اور پاکستانی بولرز نے پوری اننگز میں حاوی رہ کر مخالف بیٹنگ لائن کو دباؤ میں رکھا۔
یہ بھی پڑھین : ویسٹ انڈیز کے کپتان نے انٹرنیشنل کرکٹ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا
پاکستان کی جانب سے شاہین آفریدی اور محمد نواز نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ابرار احمد نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ صائم ایوب اور سلمان مرزا نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔
اس سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر سری لنکن کپتان داسن شاناکا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ پاکستان نے فائنل کے لیے ایک تبدیلی کی، محمد وسیم جونیئر کی جگہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو ٹیم میں واپس شامل کیا گیا۔
ٹاس کے بعد سلمان علی آغا نے کہا کہ پچ معمول کی پنڈی وکٹ جیسی نہیں ہے، لیکن ان کے خیال میں 170 سے 180 رنز یہاں بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کامیابی پاور پلے میں اچھے آغاز پر منحصر ہوتی ہے، اس لیے ابتدا سے ہی مثبت کرکٹ کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
سری لنکن کپتان داسن شاناکا نے کہا کہ فائنل بڑا مقابلہ ہے اور ٹیم مکمل تیار ہے۔ ان کے مطابق اس پچ پر 160 سے 170 رنز اچھا مجموعہ ہوگا۔
انہوں نے اس بات پر بھی اطمینان کا اظہار کیا کہ پاکستان میں بہترین سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔





