اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مذہبی اور ثقافتی اقدار کی مضبوط بنیادوں پر قائم ہیں، اور دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ رشتے باہمی خیرسگالی اور احترام سے جڑے ہوئے ہیں۔
یو اے ای کے 53ویں قومی دن کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے تعلقات دونوں ممالک کے لیے باعثِ فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ مضبوط بنیادیں شیخ زاید بن سلطان آل نہیان کی دور اندیش اور بصیرت افروز قیادت میں رکھی گئیں، جنہوں نے پاکستان سے خصوصی محبت کا عملی ثبوت دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور یو اے ای ترقی و خوشحالی کے مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے ہمیشہ پرعزم رہے ہیں۔
جبکہ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں بڑھتا ہوا تعاون دونوں ممالک کے عوام کے لیے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ عوام کے درمیان محبت، عقیدت اور گرمجوشی دونوں ملکوں کے رشتے کی اصل روح ہے، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : ترکیہ کے وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار اہم دورے پر پاکستان پہنچ گئے
جبکہ دوسری جانب ترکیہ کے وزیر توانائی الپرسلان بیرکتار پاکستان کے اہم سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، جہاں اسلام آباد ایئرپورٹ پر وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے ان کا استقبال کیا۔
سرکاری ذرائع کے مطابق ترک وزیر توانائی کا یہ دورہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
دونوں ممالک کے درمیان توانائی سیکٹر میں سرمایہ کاری، تیل و گیس کی تلاش، قابلِ تجدید توانائی اور معدنیات کے مشترکہ منصوبوں پر بات چیت کی جائے گی۔
حکومتی حکام کا کہنا ہے کہ اس دورے کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان چند اہم معاہدوں پر دستخط ہونے کا بھی امکان ہے، جن سے توانائی کے شعبے میں نئی راہیں کھلنے کی توقع ہے۔
پاکستان اور ترکیہ پہلے ہی مختلف اقتصادی و اسٹریٹجک شعبوں میں تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں، اور یہ دورہ اس تعاون کو مزید وسعت دینے میں سنگِ میل ثابت ہو سکتا ہے۔





