دھند کے وار! ایم ون موٹروے پر ٹریفک روک دی گئی، مسافروں کو جی ٹی روڈ کی طرف منتقل کر دیا گیا

دھند کی شدت میں ناقابل یقین اضافہ، ایم ون موٹروے بند، ٹریفک جی ٹی روڈ کی طرف موڑ دی گئی—حادثات کا خدشہ بڑھ گیا۔

تفصیلات کے مطابق شدید دھند نے خیبر پختونخوا کے بالائی اور میدانی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے، جس کے باعث موٹروے ایم ون کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث حادثات کا خدشہ بڑھ گیا ہے جس پر موٹر وے پولیس نے فوری اقدامات کیے ہیں۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق پشاور سے رشکئی تک حدِ نگاہ چند میٹر تک رہ گئی ہے، جس کی وجہ سے ڈرائیورز کی حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹریفک کی آمد و رفت روک دی گئی ہے۔ چارسدہ اور رشکئی انٹرچینج پر گاڑیوں کا داخلہ بند ہے جبکہ پشاور ٹول پلازہ سے بھی کسی گاڑی کو موٹروے میں داخل نہیں ہونے دیا جا رہا۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ایم ون کی بندش کے بعد متبادل راستے کے طور پر ٹریفک کو جی ٹی روڈ کی طرف موڑ دیا گیا ہے تاکہ گاڑیوں کی روانی برقرار رہ سکے۔ حکام کے مطابق دھند کی شدت کے باعث صورتحال مسلسل مانیٹر کی جارہی ہے اور موسم بہتر ہوتے ہی موٹروے کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

موٹر وے پولیس نے مسافروں سے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور روانگی سے قبل موسم اور ٹریفک اپڈیٹس ضرور چیک کرنے کی ہدایت کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شدید دھند کے دوران تیز رفتاری خطرناک ثابت ہوسکتی ہے، اس لیے ڈرائیورز فوگ لائٹس کے استعمال سمیت ٹریفک اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔

Scroll to Top