پی ٹی آئی کی فوج مخالف زبان پاکستان دشمنی کے مترادف ہے، خواجہ آصف

وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف کی قیادت اور بیرونِ ملک سرگرم اس کے بعض عناصر مسلح افواج کے خلاف نامناسب زبان استعمال کرکے نہ صرف سیاسی حدود پار کر رہے ہیں بلکہ شہداء کی عظیم قربانیوں کو بھی نظرانداز کر رہے ہیں، جو کھلی پاکستان دشمنی کے زمرے میں آتا ہے۔

 وزیر دفاع نے کہا کہ عام انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کی قیادت نے ایسا طرزِ عمل اپنایا ہے جو سیاسی اخلاقیات اور جمہوری رویّوں سے یکسر متصادم ہے۔پی ٹی آئی کے متعدد رہنما سوشل میڈیا پر کھلے عام گالیاں دیتے ہیں اور غیر شائستہ لب و لہجہ اپناتے ہیں، چاہے وہ جیل سے باہر ہوں، پارلیمنٹ میں ہوں یا بیرونِ ملک بیٹھے ہوں سبھی کا انداز گفتگو یکساں طور پر غیر ذمہ دارانہ ہے۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بعض رہنما خود کو پی ٹی آئی سے الگ ظاہر کرتے ہیں مگر ان کے بیانات اور رویے حقیقت میں اسی بیانیے کو تقویت دیتے ہیں، جو اداروں اور شخصیات کے خلاف نفرت کو ہوا دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب افراد اور اداروں کے خلاف اس نوعیت کی زبان استعمال کی جائے تو ردِعمل ظاہر ہونا فطری امر ہے۔

وزیر دفاع نے ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت نے اقتدار میں رہتے ہوئے بھی اسی نوعیت کے رویے کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین مخالفین کی تضحیک کرتے ہوئے دوپٹہ پہن کر سیاسی رہنماؤں کی نقلیں اتارتے تھے، حتیٰ کہ محمود خان اچکزئی کی بھی نقالی کیا کرتے تھے، جو آج انہی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین سے متعلق نامناسب زبان استعمال کرنا بھی پی ٹی آئی کی سابقہ سیاسیحکمتِ عملی کا حصہ رہا ہے۔

خواجہ آصف نے ڈی جی آئی ایس پی آر کے حالیہ ردِعمل کو “مناسب اور متوازن” قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ خود بے شمار شہداء کے جنازوں میں شریک ہوئے ہیں اور لواحقین سے ملاقاتیں بھی کرتے رہے ہیں، مگر انہیں کبھی کسی پی ٹی آئی رہنما کی وہاں موجودگی نظر نہیں آئی۔

یہ بھی پڑھیں:عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد

انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ایک صوبے میں موجود ہے اور سب سے زیادہ شہادتیں بھی اسی صوبے میں ہو رہی ہیں، اس کے باوجود پی ٹی آئی قیادت افواجِ پاکستان کے ان جوانوں کی قربانیوں کا اعتراف تک نہیں کرتی۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہے شہداء کا تعلق پنجاب، خیبرپختونخوا، بلوچستان، سندھ یا گلگت بلتستان سے ہووہ سب وطنِ عزیز کے لیے جامِ شہادت نوش کرتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے پی ٹی آئی کی قیادت ان کی خدمات کو تسلیم کرنے سے گریز کرتی ہے۔

Scroll to Top