باجوڑ پولیس نے 5 سالہ بچی ماریہ بی بی قتل کیس میں ملزم کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ملزم ایک قریبی رشتہ دار نکلا۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر باجوڑ وقاص رفیق نے جمعرات کو اپنے دفتر میں پولیس افسران کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز تحصیل وار ماموند کے علاقے مینا میں بچی کے قتل کے بعد اطلاع ملنے کے بعد سے لوگوں میں شدید غم و غصہ پایا جارہا تھا.
واقعے کے بعد پولیس نے فوری طور پر تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر علاقائی معلومات پر گرفتاریاں کیں۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ملزم بلال ولد حبیب الرحمان کو گرفتار کرکے شک کی بنیاد پر مزید تفتیش کی گئی جس کے بعد ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔
باجوڑ پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ 16 سالہ ملزم بلال ولد حبیب الرحمان کا تعلق اسی علاقے سے ہے اور وہ مقتولہ لڑکی کا قریبی رشتہ دار بھی ہے۔
ڈی پی او کا کہنا تھا کہ ملزم نے سموسے کا لالچ دے کر بچی کو زیادتی کا نشانہ بنایا اور بعد ازاں اسے قتل کردیا۔
یہ بھی پڑھیں: باجوڑ نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انسداد پولیو مہم پر مامور پولیس اہلکار جاں بحق
ملزم کے موبائل میں فحش ویڈیوز بھی برآمد ہوئیں ہیں۔ ملزم نے لڑکی کے منہ پر ہاتھ رکھ کر اس کا گلا گھونٹ کر قتل کر دیا اور بعد میں اس پر پتھر بھی پھینکے گئے۔
پولیس نے واقعے کے 12 گھنٹے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا۔ شواہد کو فرانزک جانچ کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔
ڈی پی او کے مطابق مقامی لوگوں نے ملزم کی گرفتاری میں مکمل تعاون کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز تحصیل ماموند کے علاقے مینا میں 5 سالہ ماریہ بی بی کو بے دردی سے قتل کردیا گیا تھا۔