پشاور کے تاریخی ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل

سلمان یوسف زئی

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے “عمران خان کرکٹ سٹیڈیم” کرنے کی منظوری دے دی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے ترجمان کے مطابق اس تبدیلی کا مقصد پاکستان کے سابق کرکٹ کپتان عمران خان کی ملک کے لیے کرکٹ کی دنیا میں خدمات اور عالمی چیمپئین بنانے کے اہم کردار کو سراہنا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے ترجمان فراز مغل نے اس حوالے سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے اپنی قیادت میں پاکستان کو عالمی چیمپئین بنایا اور کرکٹ کی دنیا میں ملک کا نام روشن کیا، جس پر ان کی خدمات کے اعتراف میں سٹیڈیم کا نام تبدیل کیا گیا ہے۔

فراز مغل نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا میں متعدد مقامات کو کھلاڑیوں کے ناموں سے منسوب کیا گیا ہے اور یہ تبدیلی بھی اس سلسلے کی ایک کڑی ہے۔

صوبائی حکومت کی منظوری سے ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کی تزئین و آرائش کا کام جاری ہے، جس پر 2316 ملین روپے خرچ کیے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا اسمبلی میں جعلی اسناد پر بھرتیوں کا انکشاف ، چھان بین شروع

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان کرکٹ سٹیڈیم میں پہلے بھی ورلڈ کپ کے میچز کھیلے جا چکے ہیں اور یہ سٹیڈیم بین الاقوامی میچز کی میزبانی بھی کر چکا ہے، جس سے اس کی اہمیت اور شہرت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔

پشاور کا یہ تاریخی اسٹیڈیم 1984 میں تعمیر کیا گیا اور سال 1995 میں پہلی بار یہاں ٹیسٹ میچ کھیلا گیا جس میں پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں مدمقابل تھیں۔

یہ اسٹیڈیم بیس ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھتا ہے اور پی ایس ایل کی فرنچائز پشاور زلمی کا ہوم گراؤنڈ بھی ہے۔

 1980 کی دہائی میں ایک بڑے کرکٹ وینیو کے طور پر ابھرنے کے باوجود یہاں زیادہ تر ایک روزہ میچز ہی منعقد کیے جاتے رہے۔ سال 2003 میں یہاں آخری ٹیسٹ میچ کھیلا گیا تھا۔

ارباب نیاز اسٹیڈیم کی پچز زیادہ تر اسپنرز کے لیے موزوں رہی ہیں جس کی وجہ سے یہاں زیادہ تر اسپنرز کا راج دیکھنے کو ملا۔

 بین الاقوامی معیار کے مطابق سہولیات کی فراہمی کے لیے 2018 میں مذکورہ اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام شروع کیا گیا جو مختلف وجوہات کی بنا پر کئی بار تاخیر کا شکار  ہوا۔

پشاور کے تاریخی ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھنے کے فیصلے پر ارباب نیاز کے فرزند اور عمران خان کے سابق مشیر ارباب شہزاد کا ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے اس فیصلے پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم گزشتہ 37 سال سے اپنے اصل نام سے منسوب تھا، لیکن اب اس کا نام تبدیل کر دیا گیا ہے۔

ارباب شہزاد کے مطابق 1980 کی دہائی میں ارباب نیاز اسٹیڈیم کا قیام عمل میں آیا جب ان کے والد ارباب نیاز پشاور کے پہلے میئر منتخب ہوئے تھے۔ اس وقت اسٹیڈیم کے لیے مختص زمین میونسپل کی ملکیت تھی، اور ارباب نیاز نے سپورٹس اینڈ کلچر کے وفاقی وزیر کی حیثیت سے اسٹیڈیم کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔ 1987میں ارباب نیاز کے انتقال کے بعد اسٹیڈیم کو ان کے نام سے منسوب کر دیا گیا، اور یہ گزشتہ 37 سال سے اسی نام سے پہچانا جاتا تھا۔ تاہم اب خیبر پختونخوا حکومت نے اس کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھنے کی منظوری دے دی ہے۔

ارباب شہزاد نے کہا کہ عمران خان کی خدمات کے اعتراف میں کسی اور اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیا جا سکتا تھا۔

انہوں نے تجویز دی کہ حیات آباد میں خلیل اسٹیڈیم جیسے دیگر مقامات کو عمران خان کے نام سے منسوب کیا جاتا تو زیادہ مناسب ہوتا۔
ارباب شہزاد نے مزید کہا کہ دسمبر 2017 میں خیبر پختونخوا کابینہ نے عمران خان کی ہدایات پر فیصلہ کیا تھا کہ کسی بھی زندہ شخصیت کے نام پر کوئی سرکاری عمارت یا تاریخی جگہ منسوب نہیں کی جائے گی۔ تاہم ارباب شہزاد کے مطابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ان احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ارباب نیاز اسٹیڈیم کا نام تبدیل کر دیا۔

Scroll to Top