کامران علی شاہ
پشاور ۔ پشاور کے دو مختلف علاقوں میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کے دو الگ الگ واقعات پیش آئے، جن میں ایک اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوا۔
پولیس ذرائع کے مطابق پہلا واقعہ تھانہ داودزائی کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے ایس آئی سفی اللہ شہید ہو گئے۔

پولیس کے مطابق اے ایس آئی سفی اللہ نماز کے بعد گھر جا رہے تھے کہ ان پر فائرنگ کی گئی۔ وہ سپیشل برانچ چوکی نمبر 2 میں نائب انچارج کے طور پر ڈیوٹی سرانجام دے رہے تھے۔
دوسرا واقعہ تھانہ ٹاون کی حدود میں پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے کانسٹیبل سکندر کو فائرنگ کرکے زخمی کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا میں پولیس اسٹیشن عوام کےچندوں سے بن رہے ہیں، سردار حسین بابک
زخمی اہلکار کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس نے دونوں واقعات کو ٹارگٹ کلنگ کے طور پر دیکھتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور حملہ آوروں کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام نے اس دہشت گردانہ کارروائی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور جلد ہی ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی ہے۔