نجم سیٹھی کا تہلکہ: عمران خان کے کہنے پر ان کی بہنیں بھارتی میڈیا کو انٹرویو دے رہی ہیں

اسلام آباد: سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریکِ انصاف اور بھارت کے درمیان گہرے روابط کے الزامات کو ثابت کرنا آسان نہیں، تاہم ان کے مطابق عمران خان کی بہن کی جانب سے بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے پس منظر میں باقاعدہ منصوبہ موجود تھا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس موجود معلومات کے مطابق عمران خان نے اپنی بہنوں کو ہدایت کی تھی کہ وہ بھارتی نیوز چینلز کو انٹرویوز دیں تاکہ انسانی حقوق سے متعلق مسائل کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب ایک طے شدہ منصوبے کا حصہ تھا۔

نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا عمران خان کو اہمیت دیتا ہے کیونکہ بھارت کے بعض اسٹریٹجک حلقے سمجھتے ہیں کہ عمران خان کی دوبارہ اقتدار میں واپسی ان کے مفاد میں ہوسکتی ہے۔

ان کے مطابق بھارتی تجزیہ کاروں کے خیال میں عمران خان وہ واحد شخصیت ہیں جو پاکستانی فوج کو کمزور یا تقسیم کرسکتے ہیں، اسی وجہ سے بھارتی میڈیا میں انہیں نمایاں کوریج دی جاتی ہے۔

سیٹھی نے مزید کہا کہ بھارت کی نظر میں عمران خان پاکستان کے خلاف اپنے تزویراتی مقاصد کے حصول کے لیے ایک موزوں آپشن سمجھے جاتے ہیں، اسی تناظر میں بھارتی میڈیا ان کے بیانیے کو جگہ دیتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : فیض حمید کو مکمل دفاع کا حق دیا گیااور فیصلہ شواہد کی بنیاد پر کیا گیا، وزیراطلاعات

جبکہ دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے بھی کہاکہ پی ٹی آئی کی ذہنیت ملک مخالف ہے اور ریاستی اداروں کے خلاف پروپیگنڈا ان کی سیاست کا حصہ بن چکا ہے، بھارتی چینلز پر جاکرپاکستان کے خلاف انٹرویوز دینے والوں کو شرم آنی چاہیے، کیا نورین خان نیازی نے بھارتی چینل پرکشمیر اور پاکستان کی طرف سے 7 بھارتی طیارے گرانے کی بات کی؟

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی 3 بہنیں 9 مئی کو کور کمانڈر ہاؤس کے باہر موجود تھیں اور کیمروں میں بھی یہ واضح طور پر نظر آئیں۔ اب وہ بھارتی چینلز پر جا کر ملک کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ ان کے مطابق 9 مئی کے واقعات فوج کو اندر سے کمزور کرنے کی سازش تھے اور اس کے تمام تانے بانے اب سامنے آ چکے ہیں۔

Scroll to Top